اسلام آباد(لاہورنامہ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2021ءکے میٹرک اور ایف اے پروگراموں میں داخل طلباءو طالبات کو اسائنمنٹس جمع کرانے کی مہلت فراہم کردی ہے.
ڈائریکٹر ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان کے مطابق میٹرک اور ایف اے پروگراموں کے ایسے طلبہ جو کسی مجبوری کے تحت اپنی پہلی، دوسری اور تیسری اسائمنٹس بروقت جمع نہیں کراسکے ہیں وہ اسائنمنٹس جمع کرانے کی آخری تاریخ تک اپنی مشقیں ایک ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ میٹرک اور ایف اے پروگراموں کی آخری اسائنمنٹس جمع کرانے کی تاریخ 28۔فروری مقرر کی گئی ہے،نصف کورس کی دونوں اور مکمل کورس کی چاروں اسائنمنٹس مقررہ تاریخ تک ایک ساتھ جمع کروائی جاسکتی ہیں۔ڈی جی آر ایس کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز ملک گیر نیٹ ورک کے ذریعے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم کے وژن کے مطابق طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ اور انہیں ہر ممکن سپورٹ فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
ڈی آر ایس نے کہا کہ تمام ریجنل دفاتر کے ناظمین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ 28فروری تک طلبہ سے اسائنمنٹس وصول کرنے کے لئے متعلقہ ٹیوٹرز کو ہدایات جاری کردیں۔ ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے ایسے طلبہ جنہیں ابھی تک ٹیوٹرز کی معلومات نہیں ملی ہیں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اسائنمنٹس قریب ترین ریجنل آفس میں 28فروری تک جمع کرادیں۔