لاہور (لاہورنامہ)ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ تاریخ پر تاریخ لیتے رہیں لیکن انصاف اور احتساب ہوکررہے گا‘ سیاستدانوں کے چپڑاسیوں کے اکاونٹس سے 400 کروڑ نکلیں اور وہ اس کا جواب دینے کے بجائے بڑی بڑی تقریریں کریں .
مقصود چپڑاسی اور مسرور انور ان کی کرپشن کی کتاب کا سیاہ باب ہیں اور انشاءاللہ پاکستان اور عمران خان اس کرپشن کا حساب لے کر رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ حمزہ شہباز کہتے ہیں میں نے وکیل بدلنا ہے اس لیے کیس میں التواء دیں جبکہ شہباز شریف کہتے ہیں لمبا التواء دیں کیونکہ قومی اسمبلی کا اجلاس آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا بہانے بہانے سے تاریخیں لینا ثابت کرتا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال کالی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں حسان خاور نے کہا کہ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی آخر احتساب کا کلہاڑا ان پر ضرور چلے گا۔