سفارتی تعلقات

چین اور میکسیکو کے صدور کے درمیان سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر پیغامات

بیجنگ (لاہورنامہ) چینی صدر شی جن پھنگ اور میکسیکو کے صدر آندریز مینوئیل لوپیز نےدونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا ۔

چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین اور میکسیکو کے درمیان نصف صدی قبل قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کے بعد سے اور خاص طور پر 2013 میں جب دونوں ممالک نے جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے تعلقات قائم کیے ہیں ، تب سے دو طرفہ تعلقات میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیاسی اعتماد روز بروز مزید مضبوط ہو رہا ہے اور مختلف شعبوں میں دوستانہ تبادلوں اور تعاون کو تقویت ملی ہے۔ وبا کے دوران چین اور میکسیکو نے ایک دوسرے کی بھرپور مدد کی اور وبا کا مقابلہ کرنےمیں بین الاقوامی یکجہتی کی مثال قائم کی ہے۔ چین اور میکسیکو کی دوستی سے دونوں ممالک کے عوام نے حقیقی فوائد حاصل کیے ہیں ۔

شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ وہ چین میکسیکو تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اورروایتی دوستی اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے صدر آندریز مینوئیل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ دونوں ممالک کے عوام ہمیشہ بہترین دوست اور شراکت داررہیں ۔

میکسیکو کے صدر نے کہا کہ میکسیکو ، انسداد وبا کے لیے چین کی مدد او ر تعاون کا تہہ دل سے مشکور ہےاور اسے ہمیشہ یاد رکھے گا ۔ اس وقت میکسیکو اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے اور دونوں فریق علاقائی اور مختلف کثیر جہتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ میکسیکو اور چین کے تعلقات نئی قوت کے ساتھ مستحکم اور دور رس ہوں گے۔