اسلام آباد (لاہورنامہ)گلگت بلتستان سے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رکن اسمبلی جاوید حسین نے پارٹی کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن )میں شمولیت کا اعلان کردیا .
جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں عوام کی نمائندہ حکومتیں نہیں ،جب ٹیلی فون بند ہوجائیں گے اور بیساکھیاں ہٹ جائیں گی تو تحریک عدم اعتماد کو چوبیس گھنٹے نہیں لگیں گے۔گلگت بلتستان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید حسین نے پاکستان مسلم لیگ (ن )میں شمولیت کا اعلان کیا اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن )کے سیکرٹریٹ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور سابق وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل و دیگر شریک ہوئے ۔
سابق وزیرعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جاوید حسین نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا بہتر فیصلہ کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں ایل اے فور سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان ہی نہیں پاکستان اور آزادکشمیر میں بھی عوام نے تینوں جماعتوں کو آزما لیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام پر حقیقت عیاں ہوچکی کہ صرف نوازشریف کی قیادت مسائل کو حل اور ملک کو ترقی دیتی ہے،ٹیلی فون کے سہارے بننے والی حکومتیں ٹیلی فون کے سہارے چل رہی ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں عوام کی نمائندہ حکومتیں نہیں ،گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کی حکومت کا فرق بڑا واضح ہے ،اگر آپ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے میں مخلص ہیں تو پارلیمنٹ میں بل لائیں ،قومی اسمبلی میں بل آئے گا تو تمام سیاسی جماعتیں اس پر فیصلہ کریں گی ۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان حکومت سے ہمارے دور میں دئیے گئے اختیارات واپس لینے کی بات ہورہی ہے۔انہوںنے کہاکہ جب ٹیلی فون بند ہوجائیں گے اور بیساکھیاں ہٹ جائیں گی تو تحریک عدم اعتماد کو چوبیس گھنٹے نہیں لگیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مسائل کی وجہ آئین سے انحراف ہے ،کوئی صدارتی نظام لانے اور کوئی اٹھارہویں آئینی ترمیم ختم کرنے کی بات کرتا ہے ،ان معاملات کا حل پارلیمنٹ میں ہے بند کمروں میں نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے ،جب ووٹ کو عزت ملے گی تو مسلم لیگ (ن )ہی کامیاب ہوگی۔جاوید حسین نے کہاکہ گلگت بلتستان میں آئندہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت بننے کو کوئی روک نہیں سکتا ، پاکستان مسلم لیگ ہی گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل حل کرے گی۔
طارق فضل چوہدری نے جاوید حسین کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ۔ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی ٹوٹ بٹوٹ حکومت قائم ہے ، گلگت بلتستان کے عوام حافظ حفیظ الرحمان کو یاد کرتے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان کی جغرافیائی تقسیم بہت عجیب سی ہے،اس علاقے کو کنٹرول کرنا کسی ایک ادارے کے بس کی بات نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہر دس سال بعد گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچایا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مشرف دور میں ہمارے الیکٹ ایبل لوگوں کو توڑ کر مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچایا گیا ،مسلم لیگ (ن )کے ٹکٹ پر گلگت بلتستان میں تمام مسالک کے لوگ منتخب ہوئے۔