بل گیٹس

پولیو کے خاتمے تک اقدمات جاری رکھیں گے، صدر مملکت کی بل گیٹس سے گفتگو

اسلام آباد(لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کے شریک چیئرمین ولیم ہنری گیٹس III(بل گیٹس) نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کی طرف سے پولیو کے خاتمے کے لیے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں پورے ایک سال سے پولیو وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے اور صورتحال امید افزا نظر آتی ہے تاہم ہم اس حوالے سے اقدامات جاری رکھیں گے۔

ہلال پاکستان
صدر مملکت نے ہلال پاکستان کا اعزاز حاصل کرنے پر بل گیٹس کو مبارکباد

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کا تجربہ کوویڈ 19 کی وبا کے دوران بہت مددگار ثابت ہوا جس میں پاکستان نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صدر مملکت نے ہلال پاکستان کا اعزاز حاصل کرنے پر بل گیٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ انسانیت کے لیے ان کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ماں اور بچے کی غذائی ضروریات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے اور اس سلسلے میں احساس کا بہت اچھا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

بل گیٹس نے کہا کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کی جانب سے گیسٹرک مائیکرو بایوم پر کی جانے والی تحقیق سے اس سلسلے میں کچھ چیلنجز پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ شاندار تعاون کا منتظر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو چوتھے صنعتی انقلاب کی ضروریات کو پورا کرنے میں بہت زیادہ مدد کر سکتی ہے۔

انہوں نے دنیا میں بڑھتی ہوئی دولت کے تفاوت پر حالیہ کتابوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور صدر نے اس بات پر زور دیا کہ بل گیٹس کے فلاحی کاموں نے صاحب ثروت لوگوں کے لیے سماجی مقاصد کے ساتھ کام کرنے اور اس عدم مساوات کو کم کرنے کا راستہ بنایا ہے.