لاہور (لاہورنامہ) خواتین کے تحفظ کیلئے بنائی گئی پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کی آگاہی مہم کے سلسلے میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیمیں لاہور کے بڑے مالز میں پہنچ گئیں۔
آگاہی مہم کا آغاز پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے کیا گیا۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیم نے نجی شاپنگ مال میں خواتین کیلئے ویمن سیفٹی ایپ آگاہی کیمپ لگایا گیا۔ آگاہی کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پرخواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ویمن سیفٹی ایپ کے فیچرز اور استعمال بارے آگاہی دی گئی۔
خواتین کو ہنگامی حالت میں ویمن سیفٹی ایپ سے فوری مدد طلب کرنے کا طریقہ کار بھی بتایا گیا۔ خواتین میں ویمن سیفٹی ایپ لٹریچر پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔خواتین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویمن سیفٹی ایپلیکیشن کے استعمال سے خود کو پہلے سے زیادہ محفوظ تصور کرتی ہیں۔ویمن سیفٹی ایپ ہنگامی حالات میں فوراً متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے میں مددگار ہے۔