لاہور(لاہورنامہ)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
ایونٹ میں چارچار کامیابیوں کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پوائنٹس کی تعداد آٹھ آٹھ ہے تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔فاتح ٹیم نے 106 رنز کا ہدف 17ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔
لو اسکورنگ میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نصف سنچری اسکور کرکے نمایاں رہے۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ابتدائی تین وکٹیں محض 18 کے مجموعی اسکور پر گر یں۔ تینوں بیٹرز، شان مسعود(4)، عامر عظمت (4) اور خوشدل شاہ (2) کو لیام ڈاسن نے پویلین کی راہ دکھائی۔چوتھی وکٹ کے لیے ٹم ڈیوڈ نے اوپنر محمد رضوان کے ہمراہ 25 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وہ بھی 17 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔ان کے بعد کپتان محمد رضوان نے ڈیوڈ ویلے کے ہمراہ 68 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔
محمد رضوان ایک چھکے اور دو چوکوں کی بدولت 51 رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔ڈیوڈ ویلے 28 اسکور پر ناٹ آﺅٹ رہے۔لیام ڈاسن نے تین اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر105 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے چھ بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے۔
ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے تین بیٹرز میں موسی خان نے ناٹ آﺅٹ 26رنز بنائے۔ لیام ڈاسن 22 اور ناصر نواز 14 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔عمران طاہر اور آصف آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ویلے اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔