محکمہ اینٹی کرپشن

محکمہ اینٹی کرپشن نے گھوسٹ ملازمین کا میگا سکینڈل بے نقاب کر دیا

لاہور(لاہورنامہ)محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے گھوسٹ ملازمین کا میگا سکینڈل بے نقاب کر دیا ،محکمہ انہار کے ہیڈ کلرک کو جعلی بھرتیوں پر گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق محکمہ انہار فیصل آباد کے ہیڈ کلرک طاہر محمود نے بیلداروں کی جعلی بھرتیاں کیں،جعلی بھرتیوں کی ذریعے ملزم نے قومی خزانہ کو60لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ طاہر محمود نے 10سال قبل شیخوپورہ کو رولز کے خلاف فلڈ زون ظاہر کرکے 15 بیلدار بھرتی کروائے،بیلداروں کو 80دن کیلئے بھرتی کیا گیا لیکن ملزم جعلسازی سے 10سال تک ان کی تنخواہ حاصل کرتا رہا۔

ملزم نے گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں وصول کرکے 60 لاکھ روپے کی کرپشن کی۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن فیصل آباد نے ملزم طاہر محمود کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا۔ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت تھانہ اینٹی کرپشن فیصل آباد میں مقدمہ 22/08 درج ہے۔

اینٹی کرپشن کا اپنے محکمہ میں چھپی کالی بھیڑوں کے خلاف آپریشن جاری ہے ، رشولت نے پر اینٹی کرپشن فیصل آباد میں تعینات پولیس کانسٹیبل غلام عباس کو مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ۔ملزم نے درخواست گزار نصیر احمد سے 10ہزار بطور رشوت وصول کئے جبکہ مزید 20 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔عدالت سے ملزم غلام عباس کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ۔