ماسکو (لاہورنامہ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ روسی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ روسی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور اس کیلئے مختلف شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ روس توانائی کی فراہمی کے حوالے سے دنیا کا ایک بڑا ملک ہے،چاہتے ہیں کہ روس پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کرے۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان روسی حکام کے ساتھ توانائی اور دیگر اقتصادی شعبوں پر نتیجہ خیز بات چیت کرے گا۔