اسلام آباد (لاہورنامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ریسرچ پبلیکیشن اور ریسرچ پراجیکٹ گرانٹس2021-22 کی تقسیم انعامات کی تقریب منعقد کی جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کی۔
تقریب میں رجسٹرار، راجہ عمر یونس، اورک آفس کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمد لطیف گوندل، چاروں ڈینز اور یونیورسٹی کے پرنسپل افسران شامل تھے۔
تقریب کا انعقاد آفس آف ریسرچ ٗ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن(ORIC) نے کیا تھا جس میں اے آئی او یو(AIOU) فنڈڈ ریسرچ پراجیکٹ گرانٹس کے تحت 34فیکلٹی ممبران کو جبکہ ریسرچ اینڈ پبلیکیشن گرانٹس کے تحت 92فیکلٹی ممبران اور 3سروسنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی منظور شدہ جرائد میں مقالہ جات /آرٹیکلز شائع کرانے پر ایوارڈ دیئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ایوارڈ حاصل کرنے والے فیکلٹی ممبران و دیگر کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں تحقیق کے میدان میں مزید بہتر کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے تحقیقی کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے.
اساتذہ کو بہتر ماحول فراہم کیا ہے اورتحقیق کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہتر کتاب لکھنے یا ایچ ای سی کے منظور شدہ جرائد میں تحقیقی مقالہ شائع کرانے پر طلبہ اور فیکلٹی ممبرز کو کیش انعامات دیتے ہیں، فیکلٹی ممبرز کو اندرون ملک یا بیرون ملک کسی بھی شہر میں منعقد ہونے والی کسی بھی کانفرنس میں تحقیقی مقالہ پیش کرنے کے لئے ٹرانسپورٹ اور رہائشی سہولتیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
اورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمد لطیف گوندل نے اورک آفس کے قیام کے مقاصد، خدمات، اہداف اور کامیابیاں تفصیل سے بیان کئے۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ریسرچ کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے، یہی وجہ ہے کہ اورک آفس کو بھرپور سپورٹ فراہم کی جارہی ہے۔