سوزوکی سوئفٹ

سوزوکی سوئفٹ کا نیا ماڈل پاکستان میں فروخت کے لیے پیش

لاہور(لاہورنامہ)پاک سوزوکی نے سوئفٹ گاڑی کا نیا ماڈل پاکستان میں متعارف کرا دیا ہے۔نئی سوزوکی سوئف کو لاہور میں 24 فروری کو ایک ایونٹ میں پیش کیا گیا۔

یہ گاڑی جی ایل (مینوئل)، جی ایل (سی وی ٹی) اور جی ایل ایکس (سی وی ٹی) ورڑنز میں دستیاب ہوگی۔خیال رہے کہ سوزوکی نے ستمبر 2021 میں سوئفٹ کی پروڈکشن روک دی تھی اور اب جاکر نئی جنریشن سوئفٹ کو متعارف کرایا گیا ہے۔تینوں ورڑنز میں 1.2 ایل انجن 5 اسپیڈ مینوئل یا سی وی ٹی ٹرانسمیشن آپشنز کے ساتھ دیا گیا ہے۔اس نئی سوئف کو عالمی سطح پر فروری 2021 میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا اور ایک سال بعد پاکستان آمد ہوئی ہے۔

اس نئی گاڑی میں گزشتہ ماڈل کے مقابلے ڈیزائن میں کچھ معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور فرنٹ گرل میں ایک بولڈ اسٹریپ کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ کسی حد تک اسپورٹ لک کی حامل ہوگئی ہے۔اس سے ہٹ کر گاڑی کا ڈیزائن سابقہ ماڈل جیسا ہی ہے۔کمپنی کے مطابق گاڑی کے ایندھن کی اوسط پہلے سے زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق ایک لیٹر پٹرول پر مینوئل ٹرانسمیشن ورڑن 23.20 کلو میٹر جبکہ آٹو میٹک ورڑن پر 23.76 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرسکے گا۔

اس سے قبل سوئفٹ میں یہ اوسط 21.21 کلومیٹر فی لیٹر تھی اور اس کو بہتر بنانے کے لیے نئے ماڈل میں آٹو اسٹارٹ اسٹاپ فنکشن کا اضافہ کیا گیا ہے۔گاڑی کے اندر نیا کنسول، ایک ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم جو ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو سے مطابقت کرتا ہے، جبکہ نئے کنٹرولز بھی موجود ہیں۔دیگر فیچرز میں پش اسٹارٹ اسٹاپ بٹنز، کی لیس انٹری، آٹومیٹک کلائمٹ کنٹرول، اسٹیئرنگ ماؤنڈ کنٹرول بٹن، کروز کنٹرول، اپ ڈیٹڈ انسٹرومنٹ کلسٹر اور آٹو فولڈ ان ایبل او آر وی ایم ایس قابل ذکر ہیں۔

اس کا جی ایل مینوئل ورڑن 24 لاکھ 99 ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ جی ایل سی وی ٹی کے لیے 26 لاکھ 99 ہزار روپے خرچ کرنا ہوں گے۔سوئفٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی سب سے مہنگا ورڑن ہے جس کی قیمت 28 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔