آسٹریلوی ٹیم

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال ،آسٹریلوی ٹیم کی 24سال بعد پاک سرزمین آمد

اسلام آباد(لاہورنامہ)آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے 24سال بعد خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستانی سرزمین پر قدم رکھ دیا۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ بحالی کے لیے بگ تھری ممالک میں سے آسٹریلین کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر آنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔پیٹ کمنز کی قیادت میں آنے والے35رکنی آسٹریلوی دستے کو سخت سیکورٹی حصار میں ائرپورٹ سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پہنچا یا گیا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے اور پلئیرز ایسوسی ایشن کے ٹاد گرین برگ بھی پاکستان آئے ہیں۔آسٹریلوی ٹیم 2روزتک بائیوسیکیورببل میں رہے گی۔مہمان کھلاڑیوں کی آمد پر مقامی ہوٹل میں انکے کرونا ٹیسٹ ہوئے جب کہ آسٹریلوی کرکٹرزکورونا ٹیسٹ منفی آنے پر پریکٹس کریں گے۔

آسٹریلیا کے کھلاڑیوں میں پیٹ کمنز (کپتان)، ایشٹن ایگر، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، مارکس ہیرس، جوش ہیزل ووڈ، ٹیوس ہیڈ، جوش انگلیس، عثمان خواجہ، مارنس لوباشانے، نیتھن لیون، مچل مارش، مائیکل نیسر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مچل سویپسن اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر پیٹ کمنز کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں اسلام آباد ائیر پورٹ پر پہنچنے کے بعد خوش گوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم پاکستان میں 3ٹیسٹ،3ون ڈے، ایک ٹی20میچ کھیلے گی جب کہپاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ک پہلا ٹیسٹ پنڈی میں چار مارچ سے شروع ہوگا۔علاوہ ازیں ٹیسٹ سیریز میں شامل دوسرا میچ 12سے 16مارچ کے دوران کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اورآخری ٹیسٹ 21سے 25مارچ کے دوران لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ یکم مارچ صبح ساڑھے 11 بجے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور آسٹریلوی کپتان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق 2مارچ کو بھی دوپہر ڈھائی بجے تک پاکستان اور آسٹریلیا کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن ہوگا۔تین ون ڈے میچز ہر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 29مارچ کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 31 مارچ اور تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2 اپریل کو کھیلا جائے۔دوسری جانب پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے لیے آن لائن ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کردیے گئے ہیں، ٹیسٹ میچ کے لئے وی آئی پی کا ٹکٹ پانچ سو روپے جبکہ پریمئیم انکلوژر کا ٹکٹ سو روپے کا رکھا گیا ہے۔