مبینہ غفلت

نجی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے خاتون جاں بحق

سکھر :نجی ہسپتال میں ڈلیوری کے بعد علاج کے لئے لائی گئی خاتون ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے جاں بحق ہوگئی۔ ورثاء کی جانب سے انتظامیہ پراضافی پیسے نہ دینے پر کئی گھنٹے نعش کو یرغمال بنانے کا الزام عائدکرتے ہوئے کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے الزامات کو مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے علاقے مرزا پور کی رہائشی خاتون مسمات بابرہ خروس کو اہلخانہ ڈلیوری کے بعد علاج کے لئے ورکشاپ روڈ پر قائم نجی اسپتال لے کر آئے تھے۔ جہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگئی، واقعے کے بعد اہلخانہ نے شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر مرزا خان خروس نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں نے اس کی بیوی کادرست علاج نہیں کیا اور ان کی غفلت کے باعث وہ جاں بحق ہوگئی۔اس کے باوجود دو لاکھ روپے بھی طلب کیے گئے۔
دوسری جانب ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر میجر ریٹائرڈ مجاہد حسین نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مسمات بابرہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔خاتون کی زندگی بچانے کے لئے گائنا کالاجسٹس ڈاکٹر فوزیہ اور فزیشن ڈاکٹر کرپال داس نے کوششیں کیں تاہم خاتون نہ بچ سکی،جبکہ دو لاکھ روپے نہیں لیے، صرف 22 ہزار روپے کا بل وصول کیا گیا تھا۔