لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماہ رمضان میں عوام کو بھرپور ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی اربوں روپے کا رمضان پیکیج دے گی جس کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ صوبہ بھر میں رمضان بازار لگائے جائیں گے، آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی جائیں گی، زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل اور سبزیاں ارزاں نرخوں پر صارفین کو دستیاب ہوں گی۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ عوام کو مستقل بنیادوں پر ریلیف دینے کے لئے سہولت بازاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، رمضان بازاروں اور سہولت بازاروں کے ذریعے اپنے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے مستقل نجات دلائیں گے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں کو ماہ شعبان کے آخری ہفتے سے فنکشنل کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے، میں خود رمضان بازاروں کے دورے کروں گا جبکہ صوبائی وزرا اور سیکرٹریز بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مشن میں رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔