بسمہ کی بیٹی

بھارتی کرکٹرز میچ کے بعد بسمہ کی بیٹی کے ساتھ کھیلتی رہیں

کرائسٹ چرچ (لاہورنامہ)آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ میں قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اپنی ننھی بیٹی کے ہمراہ اسٹیڈیم آئیًں تو سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

گزشتہ روز ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے مقابلے میں پاکستان اور بھارت مدمقابل تھے جس میں پاکستان کو 107 رنز کی شکست ہوئی تاہم بھارتی کرکٹرز میچ کے بعد بسمہ کی بیٹی کے ساتھ کھیلتی رہیں اور سیلفی بھی لی جس کی ویڈیوز اور تصاویر نے سوشل میڈیا صارفین کی خوب داد سمیٹی اس دو ان ایک ٹوئٹر صارف کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں پاک بھارت کا تاریخی مقابلہ یاد آگیا .

جس میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، اس میچ کے آغاز پر کوہلی اور بابر اعظم کی تصویر کے کافی چرچے رہے تھے جس میں دونوں کپتان خوشگوار موڈ میں تھے جب کہ کوہلی نے بابر کے کندھے پر ہاتھ بھی رکھا ہوا تھا۔بعدازاں جب پاکستان کو 10 وکٹوں سے کامیابی ملی تو کوہلی نے رضوان کو مبارکباد دی اور انہیں گلے سے لگایا جس نے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔

اسی واقعے کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف نے وائرل ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ پاک بھارت میچ میں کوہلی، رضوان اور بابر جیسے خوبصورت اور یادگار لمحے کے بعد یہ دوسرا شاندار لمحہ تھا۔اس کے علاوہ بھی کئی صارفین نے اس ویڈیو کو سراہا جس کے بعد بسمہ معروف ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگئیں۔پاکستان تحریکِ انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی یہ ویڈیو شیئر کی گئی اور کہا گیا کہ پاک بھارت کے میچ کے بعد یہ کتنا پیارا لمحہ تھا جب بھارتی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی بسمہ معروف کی ننھی بیٹی کو ہنسانے کی کوشش کررہی تھیں۔

ایک اور صارف نے بسمہ اور ان کی بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہاکہ ایک ایسا معاشرہ جہاں عورت کو اپنے کیرئیر یا فیملی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا ہے، وہاں پاکستانی کپتان نے یہ ثابت کیا کہ دونوں کی انجام دہی ممکن ہے، یہ بہت متاثر کن ہے۔ایک بھارتی صارف نے اس ویڈیو کو دونوں قوموں کے درمیان محبت قرار دیا۔