لاہور(لاہورنامہ)براق ہائی سکول کی جانب سے بہترین کار کردگی دکھانے والے ٹیچرز اور طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریب پذیرائی منعقد کی گئی ۔
ایوان اقبال میں منعقد ہونے والی سالانہ ایوارڈزتقریب کے مہمانان خصوصی صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال ، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں اور صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین تھے۔جنہوں نے بہترین کار کردگی دکھانے والے ٹیچرز اور طلبہ و طالبات میں یادگاری شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔
تقریب میں پرنسپل ذیشان علی ، وائس پرنسپل شرافت علی ، ایڈ منسٹریٹر مشاہد علی،مارکیٹنگ مینجر سرفراز علی سمیت ٹیچرز، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر میںبراق ہائی سکو ل کا شمار لاہور کے معیاری تعلیم فرہم کرنے والے تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے.
پرائیویٹ تعلیمی ادارے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے معاشرے کا مفید شہری بنا نے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں کا کہنا تھا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر سرمایہ کاری کرناسب سے محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری ہے کیونکہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل اوربیش قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں ان کی اعلیٰ تربیت عمدہ تعلیم ،مناسب پرورش ،مہذب نگہداشت اور خصوصی دیکھ بھال والدین کی اہم ترین ذمہ داری ہے.
آج کے اس دور میں والدین کو چاہئے کہ اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ خصوصی طورپر تربیت پر بھی توجہ دیں۔براق ہائی سکول کے پرنسپل ذیشان علی کا کہنا تھاکہ براق ہائی سکول کانصب العین جہالت کے اندھیرے ختم کرنا اور اعلیٰ تعلیم یافتہ باشعور نوجوان نسل پروان چڑھانا ہے کیونکہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی روشن ، خود مختار ، پُر امن اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں۔