لاہور (لاہورنامہ) اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ہماری خواتین زندگی کے ہرشعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خواتین کے عالمی دن پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بطور بیٹا ، شوہر ،بھائی اور باپ میں خواتین کے عالمی دن پر پاکستان کی ہرعورت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ جو طبقات خواتین پر اپنی مرضی اور سوچ مسلط کرنا چاہتے ہیں وہ انسانی شعور سے خوفزدہ ہیں، معاشرے کی تشکیل اور اس کی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی ہے۔
معاشرے میں خواتین کے خلاف منفی رویوں اور صنفی امتیاز کے واقعات کی روک تھام ضروری ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس بار خواتین کے عالمی دن کا مخصوص موضوع بھی آج کی صنفی برابری کل کی پائیدار ترقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کا رجحان بھی قابل تشویش ہے۔