بیجنگ (لاہورنامہ)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے کہا ہے کہ چین کی ریڈ کراس سوسائٹی یوکرین کی درخواست پر اُسے 50 لا کھ یوآن مالیت کی خوراک اور روزمرہ ضروریات سمیت دیگر انسان دوست امدادی سامان کی ایک کھیپ فراہم کرے گی۔
9 مارچ کو، امدادی سامان کی پہلی کھیپ بیجنگ سے روانہ کر دی گئی ہے، اور مناسب ذرائع کے ذریعے جلد از جلد یوکرائنی ریڈ کراس تک پہنچائی جائے گی۔ بد ھ کے روز چاو لی جیان نے امریکہ، یورپی کمیشن اور برطانیہ کی جانب سے روس پر عائد کردہ پابندیوں کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ "چین بین الاقوامی قانونی بنیاد سے ماورا یکطرفہ پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ، بلا جواز تعزیری اقدامات اختیار کرنا امن و سلامتی کے لیے قطعاً فائدہ مند نہیں ہے .
بلکہ ان سے متعلقہ ممالک کی معیشت اور لوگوں کے معاش کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس سے تقسیم اور صف آرائِی کو مزید بڑھاوا ملے گا ۔
ترجمان نے کہا کہ چین اور روس نے ہمیشہ توانائی تعاون کو برقرار رکھا ہے اور دونوں فریق باہمی احترام، مساوات اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تیل اور گیس کے شعبوں سمیت معمول کے تجارتی تعاون کو جاری رکھیں گے۔