کراچی (لاہورنامہ)دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 556 رنز کے جواب میں پاکستان کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی ، پہلی اننگز میں 148رنز بنا سکی .
مہمان ٹیم نے پاکستان کو فالو آن کروانے کے بجائے دوسری اننگز کا کھیل جاری رکھا ، تیسرے روز کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے، مجموعی برتری 489رنز کی ہوگئی ،ڈیوڈ وارنر 35 اور مارس لبوشین 37 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
کھیل کے تیسرے دن آسٹریلیا نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 556 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کرنیکا اعلان کیا جس کے بعد پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو ابتدا ہی میں اس کے دونوں اوپنر جلد پویلین لوٹ گئے۔پاکستانی اوپنر اور راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے امام الحق کو بھی 20 رنز پر اسپنر نیتھن لیون نے آؤٹ کردیا،دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد جب کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے بیٹنگ لائن اپ کو مستحکم کرنے کیلئے باگ ڈور سنبھالی اس وقت پاکستان کو فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 319 رنز درکار تھے لیکن پہلے ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنانے والے تجربہ کار بلے اظہر علی بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہیں ٹھہرسکے اور صرف 14 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بن گئے،اظہر علی کے بعد فواد عالم بیٹنگ کیلئے آئے تاہم پہلی ہی بال پر مچل اسٹارک کی ایک خطرناک یارکر ڈلیوری کا نشانہ بن گئے۔
فواد عالم کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان تھے، انہوں نے6 رنز بنائے انہیں پیٹ کمنز نے نشانہ بنایا۔محمد رضوان کے بعد فہیم اشرف 4 جبکہ ساجد خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔تیسرے دن جب میچ کے دوران چائے کا وقفہ ہوا اس وقت تک پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے اور کپتان بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے تاہم وہ بھی زیادہ وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 36رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے.
چائے کے وقفے کے بعد حسن علی بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے جسکے بعد شاہین شاہ آفریدی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پوری ٹیم 148رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ اس موقع پر آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کروانے کے بجائے دوسری اننگز کا کھیل جاری رکھا اور تیسرے روز کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے، آسٹریلوی ٹیم کی مجموعی برتری 489 رنز کی ہوگئی ہے جبکہ ڈیوڈ وارنر 35 اور مارس لبوشین 37 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے 505 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا تو مچل اسٹارک رنز میں بغیر کسی اضافہ کے شاھین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے مزید 51رنز کا اضافہ کرکے بیٹنگ ڈیکلیئر کر دی ۔