عمران خان

عوامی حمایت کی بدولت موجودہ سیاسی محاذ پر بھی کامیابی ہماری ہی ہو گی، عمران خان

اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی. پی ٹی آئی نے ہمیشہ عوامی امنگوں کی نمائندگی کی ہے جس کی وجہ سے ہر محاذ پر کامیابی سے ہمکنار ہوئی،عوامی حمایت کی بدولت موجودہ سیاسی محاذ پر بھی کامیابی ہماری ہوگی۔

بدھ کو وزیر اعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جن میں ارکان قومی اسمبلی مخدوم زین حسین قریشی، محمد ابراہیم خان، طاہر اقبال، اورنگزیب خان، ریاض فتیانہ، سردار نصراللہ دریشک، نجیب ہارون، سردار محمد خان لغاری، عاصمہ قدیر اور جویریہ ظفر شامل تھیں جبکہ سندھ سے ممبر قومی اسمبلی صائمہ ندیم، ممبر صوبائی اسمبلی سندھ رابیعہ اظفر، جنرل سیکٹری پی ٹی آئی مبین جتوئی اور ارسلان گھمن کی بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی.

اس موقع پر وفاقی وزرا مخدوم شاہ محمود قریشی، مخدوم خسرو بختیار، سید علی زیدی اور معاون خصوصی ملک عامر ڈوگر بھی موجود تھے ۔ارکان پارلیمان نے وزیر اعظم کو اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے تدارک کے حوالے سے قرارداد منظور ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے کہا کے ہماری حکومت نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہماری کوششوں سے عالمی سربراہان بشمول روسی صدر پیوٹن اور کنیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے آواز اٹھائی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پوری مسلم امہ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ عوامی امنگوں کی نمائندگی کی ہے جس کی وجہ سے ہر محاذ پر کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔وزیراعظم نے کہاکہ عوامی حمایت کی بدولت موجودہ سیاسی محاذ پر بھی کامیابی ہماری ہوگی،ملاقاتوں میں متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور سیاسی امور زیر غور آئے۔وزیر اعظم نے اراکین قومی اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوامی رابطے تیز کرنے اور کارکنان کو متحرک کرنے کی ہدایت کی