لاہور (لاہورنامہ) سیکرٹر ی جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہدزمان کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب ملک ثناء اللہ خان کی زیر قیادت محکمہ نے صوبہ کی ویٹ لینڈز پر آئے مہمان آبی پرندوں کی اپنے بریڈنگ گرائونڈز بحفاظت واپسی کیلئے تشکیل دئیے گئے.
خصوصی وائلڈلائف اسکواڈز اور پروٹیکشن فورسز کے ذریعے مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران متعدد غیرقانونی شکاریوں کو نایاب کونجوں کے شکار میں مشغول ہونے پر کشتی و دیگر آلات شکار سمیت گرفتارکرلیا۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولپور ریجن رائے زاہد علی کی سرپرستی میں وائلڈلائف پروٹیکشن فورس نے صحرائے چولستان سے نایاب کونجوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول دو شکاریوں کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ایک شکار کی گئی کونج ،ایک بندوق اور موٹرسائیکل وغیرہ برآمد کرلی اور وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالانات مرتب کر کے قانونی کارروائی شروع کردی ہے.
جبکہ ایسی ہی ایک دیگر کامیاب کارروائی میں کونجوں کی قیام گاہوں کے سروے اور خصوصی چیکنگ کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ملتان ریجن محمد حسین گشکوری کی ہدایت پر وائلڈلائف سٹاف ملتان ریجن نے دریائے چناب کے ڈائون سٹریم علاقہ پل ہیڈ محمد والا کے مقام پر کونجوں کے غیرقانونی شکار میں استعمال ہونیوالی ایک کشتی آلات شکار سمیت قبضے میں لے لی جبکہ چالان مرتب کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے قانونی کارروائی کی جارہی ہے ۔