لاہور(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں،تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے جنہیں میری مکمل حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہاکہ جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جا رہی ہیں وہ غلط ہیں، پارٹی یا گھر میں تمام فیصلے میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں۔وضاحت پر یقین نہیں رکھتا، کہنا چاہوں گا کہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعداد موجودہ اسمبلی میں سابقہ اسمبلیوں سے زیادہ ہے، نوجوانوں پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے، خاص کر پڑھے لکھے لوگ پیسے کے لین دین کی بات پسند نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا یا کروانا نہایت نامناسب ہے، حقائق کو جوڑ توڑ کر پیش کرنا یا کروانا بھی نہایت نامناسب ہے۔