فیاض الحسن چوہان

پرویز الٰہی بطور وزیرِ اعلی نامزدگی سے اپوزیشن کی مایوسی واضح ہے، فیاض الحسن چوہان

لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے فلاپ ترین جلسے کے بعد رانا ثنا اللہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں،لیگی قیادت بوکھلاہٹ میں عجیب و غریب درفتنیاں چھوڑ رہی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ایک گیند سے اپوزیشن کی تین وکٹیں اڑا دی ہیں۔ رانا ثنا اللہ خاطر جمع رکھیں، ترین گروپ، سردار عثمان بزدار اور چھینہ گروپ سمیت تمام ارکان ایک پیج پر ہیں۔ جمہوریت کی خاطر وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قربانی سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔

سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب نے ہر شعبے میں بے مثال ترقی کی۔ انہوںنے کہاکہ چوہدری پرویز الٰہی کی بطور وزیرِ اعلی نامزدگی سے اپوزیشن کے چہروں پر مایوسی واضح ہے۔ پرویز الٰہی حکومتی اتحادیوں اور ن لیگ کے بیشتر ارکان کی حمایت سے باآسانی منتخب ہو جائیں گے۔ جہانگیر ترین، علیم خان اور دیگر ہم خیال گروپ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد اور متفق ہیں۔ (ن) لیگ کو پنجاب میں ایک بار پھر شکست فاش سے دوچار ہونا پڑے گا۔ لیگی قیادت شرمندگی کا ٹوکرا سر پر اٹھانے کی تیاری کرے۔