عدیل بھٹہ

برآمدات اور درآمدات میں 40ار ب ڈالر کے خلاء سے ترقی نہیں ہوسکتی، عدیل بھٹہ

لاہور(لاہورنامہ) صنعتکار رہنماچیئرمین ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے کہا ہے کہ برآمدات اور درآمدات میں 40ارب ڈالر کے خلاء سے معیشت ترقی نہیں کرسکتی.

ملکی معیشت نازک ترین مرحلے میں ہے درآمدات بڑھنے سے زرمبادلہ کے ذخائر متاثر ہورہے ہیں اور حکومت کو اخراجات کیلئے آئی ایم ایف سے مزید قرضے حاصل کرنے پڑ رہے ہیں اس لیے حکومت معیشت کی بحالی کیلئے پرتعیش اور غیر ضروری درآمدات پر پابندی عائد کرے اور ملکی برآمدی شعبہ کو مراعات دے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوسکے اور آئی ایم ایف جیسے اداروں سے چھٹکار ا مل سکے۔

چوہدری عدیل بھٹہ نے کہا کہ پاکستانی معیشت کوریا، سعودی عرب اور تھائی لینڈ سے بہتر تھی لیکن رفتہ رفتہ ملکی معیشت بد سے بدترین ہوگئی اور آئی ایم ایف کے دباؤ پر ٹیکسوں،بجلی،گیس،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روز بروز اضافوں سے ملکی معیشت شدید متاثر ہوئی انہوں نے کہا کہ۔برآمدات میں اضافہ کیلئے بیرون ملک سفارتخانوں میں ٹریڈ آفیسرز کو متحرک اور فعال بنائے بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے تو ملکی برآمدا ت میں مزید اضافہ ہوگا جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور حکومت کومزید قرضوں سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جاری مالی سال کے پہلے8ماہ میں برآمدات28جبکہ درآمدات 49فیصد بڑھ گئیں ہیں حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے اور درآمدات اور برآمدات کے فرق کو ختم کرے۔جو اشیاء ملک میں تیار ہورہی ہیں ان کی درآمدات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔