مسرت جمشید چیمہ

خیبر پی کے بلدیاتی نتائج نے عمران خان کو سر خرو کر دیا ،مسرت جمشید چیمہ

لاہور(لاہورنامہ) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ و تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ خیبر پختوانخواہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسر ے مرحلے کے نتائج نے عمران خان کے سر خرو ہونے پرمہر ثبت کر دی ہے .

3اپریل کو عدم اعتماد کی تحریک کا جو بھی نتیجہ آئے عمران خان نے عوامی عدالت میں اپنا مقدمہ جیت لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام کا عام انتخابات میں کیا رجحان ہوگا اوران شااللہ تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے واپس آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کامقابلہ کرنے کیلئے درجن سے زائد اپوزیشن جماعتوں،ضمیر فروشوں اورغیرملکی طاقت کو اکٹھ کرنا پڑا، اربوں روپے خرچ کر کے ضمیر فروشوں کے بل بوتے پر حاصل کی گئی عددی اکثریت عارضی ثابت ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے ثابت کر دیا خود داری کی جنگ میں اقتدار کوئی حیثیت نہیں رکھتا ،حق اور باطل کی موجودہ جنگ میں بظاہر کامیاب ہونے والے تاحیات نامراد اور ناکام ہی رہیں گے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان کی حالیہ جدوجہد نے قوم میں خود داری کی ایک نئی روح پھونک دی ہے ، اب احتساب کے ساتھ قوم میں خود داری کی تڑپ کو جلا بخشنے کے لئے بھی جدوجہد کی جائے گی ۔