مسرت جمشید چیمہ

نجی ہوٹل میں حمزہ شہباز کے علامتی وزیر اعلیٰ بننے کی تقریب مذاق ہی تھا، مسرت جمشید چیمہ

لاہور(لاہورنامہ)تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان کئی سالوں سے چھوٹی چھوٹی خوشیوں کیلئے ترسا ہوا ہے اور اپنی خوشی کیلئے دوسرے کے پیسوں سے نجی ہوٹل میں حمزہ شہباز کے علامتی وزیر اعلیٰ بننے کی تقریب سجائی گئی.

یہ حقیقت میں اورشفاف سیاست کے ذریعے تو وزیر اعظم یا وزیر اعلی منتخب ہو نہیں سکتے اس لئے کئی سالوں سے وزیر اعلیٰ بننے کے خواب دیکھنے والے حمزہ شہباز نے نجی ہوٹل کا وزیر اعلی منتخب ہونا ہی مناسب سمجھا۔انہوں نے کہاکہ حمزہ شہباز اب قوم کو یہ بھی بتا دیں کہ نجی ہوٹل کا وزیر اعلی منتخب ہونے کے بعد اب وہ کیا اسی ہوٹل کے منیجر ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔

پیسے کے بل بوتے پر منحرف اراکین کے ذریعے جعلی عہدے حاصل کرنا آپ کو ہی زیب دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں آپ کو حزب اختلاف کا عہدہ لینے کے بھی قابل نہیں چھوڑیں گے،جو اراکین لالچ دئیے جانے کے باوجود پارٹی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے انہیں سلام پیش کرتے ہیں،جو لالچ میں(ن)لیگ کا دم چھلا بنے انہیں جلد ہی اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا ۔