مسرت جمشید چیمہ

جو حکومت خود چوں چوں کامربہ ہواس نے ملک و قوم کو کیا سمت دینی ہے،مسرت جمشید چیمہ

لاہور(لاہورنامہ) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جو حکومت خود چوں چوں کامربہ ہواس نے ملک و قوم کو کیا سمت دینی ہے .

پہلے روز ہی ایم کیو ایم کا اعتراض سامنے آ گیا ،مرضی کی وزارتیں لینے کے لئے اتحادی پہلے روز ہی احتجاجاً زمین پر بیٹھ گئے ہیں، غیرملکی سازش کے ذریعے بننے والی حکومت میں شامل (ن) لیگ ،پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا کرپشن اورلوٹ مارکااپنا اپنا آئیڈیا اورطریقہ ہے اس لئے عوام کو ان سے قطعی فیض نہیں مل سکتا ،جس شخص کو وزیر اعظم کے مسند پر بٹھایا گیا ہے ان کے خاندان کاکرپشن کی ترویج میں ہمیشہ نمایاں کردار رہا ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مریم صفدر چچا کے وزیر اعظم بننے پر مصنوعی خوشی اپنے چہرے میں لانے کی کوشش کررہی ہیں حالانکہ ان کے دل میں جو چل رہا ہے سب اس سے آگاہ ہیں،جلدان کے گھر اور پارٹی کے اندر سے ہی سازش شروع ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے غیور عوام غیر ملکی سازش کے ذریعے وجود میں آنے والی حکومت کوتسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ، عوام عمران خان کے ساتھ مل کر ایک بڑے مقصدکیلئے جدوجہد کرنے کا عزم کر چکے ہیں جس کا ثبوت عمران خان کی ایک کال پر ملک بھر میں لاکھوں عوام کا سڑکوں پر آناہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان شاللہ رب کی ذات نے چاہا تو اسی سال انتخابات ہوںگے اور تحریک انصاف بھاری اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائے گی ۔