معاشی ماہرین

وزیراعظم کی زیر صدارت معاشی ماہرین کا ہنگامی اجلاس

اسلام آباد(لاہورنامہ)وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو درپیش سنگین صورتحال اور معاشی چیلنجز سے نکلنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر معاشی تجاویز اور سفارشات کی تیاری کی ہدایات جاری کر دیں.

یہ تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، بینکاری، تاجر و کاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آراء￿ کی روشنی میں مرتب کی جائیں گی جس کے حصول کے لئے آئندہ چند دنوں میں سمٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔منگل کووزارت عظمی کا منصب باضابطہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت معاشی معاہرین کا اہم اجلاس ہوا، ہنگامی اجلاس میں معاشی ماہرین کو سفارشات کی تیاری کاحکم دیا گیا۔

اہم اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نے ملکی معاشی صورتحال، ریونیوز، بجٹ خساروں، داخلی اور بیرونی قرض کی صورتحال سمیت مجموعی قومی بیلنس شیٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، کونسل غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ معاشی صورتحال اور سنگین مالی خطرات کو دیکھتے ہوئے فوری، وسط اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کریں، پالیسی آپشنز پر جامع سفارشات پیش کریں تاکہ ان کی روشنی میں ٹھوس اقدامات لئے جاسکیں۔

وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی جامع تجاویز مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔رمضان المبارک میں رمضان بازار کی مانیٹرنگ اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی لانے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ قومی اور عوامی مفادات کے درمیان بہترین توازن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔