لاہور(لاہورنامہ)تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کارکنوں ،سپورٹرزاور سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے خلاف انتقامی کارروائیاں قابل مذمت ہیں.
مخالفین کی انتقامی کارروائیوں کا شکار ہونے والے کارکنوں کو قانونی امداد کی فراہمی کیلئے لیگل ایڈٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں ،سازش کے ذریعے آنے والی حکومت ملک میں افرا تفری پھیلانے سے باز رہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان اورسپورٹرز کو واضح پیغام ہے کہ آپ نے حکومت کے منفی ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہونا ،مشکل وقت میں پارٹی آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور آپ کوتنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی قیادت اپنے لوگوں سے بھرپور رابطے رکھے اور جس بھی علاقے میں پارٹی کارکنوں یا سپورٹرز کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی اطلاع موصول ہو اس سے آگاہ کیا جائے تاکہ قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔انہوںنے کہا کہ مینار پاکستان کا جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گااورسازش کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔