لاہور(لاہورنامہ)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ وسابق ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے کہا ہے کہ نو منتخب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے.
ان کے اقتدار میں آتے ہی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا اور روپے کے مقابلہ میں ڈالر190روپے سے 181روپے کی سطح پر پہنچ چکا ہے اور اس میں مزید کمی واقع ہورہی ہے۔حکومتی تبدیلی کے سٹاک مارکیٹ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں اور شیئرمارکیٹ کے سرمائے میں 283ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سیاسی افراتفری کے خاتمہ اور شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے سے سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ خادم حسین نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بننے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا،اور کے ایس ای100انڈیکس 2000پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ 45ہزار اور46ہزار پوائنٹس کی نفسیاسی حد عبور کرگئی جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 283ارب روپے سے زائد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
جس کی وجہ سے سرمائے کا حجم 77کھرب روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کو مراعات دی جائیں تاکہ حکومتی برآمدی ہدف حاصل کیا جاسکے اور حکومت کو بیرونی قرضوں سے نجات مل سکے۔