لاہور(لاہورنامہ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عمرہ ادائیگی کیلئے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت سے معذرت کر لی۔
لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز نے عمرہ کی ادائیگی کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی جس پر جسٹس انوار الحق پنوں اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل بنچ نے سماعت سے معذرت کر لی ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مریم نواز کے کیس کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ نے کی تھی، بہتر ہے وہی بینچ مریم نواز کی مذکورہ درخواست پر سماعت کرے۔
عدالت نے مریم نواز کا کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا، دو رکنی بینچ نے مریم نواز کے کیس کو متعلقہ بنچ کو بھجوانے کی سفارش کر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 2019کو نیب نے سیاسی بنیادوں پر جھوٹے الزام پر مریم نواز کے خلاف انکوائری شروع کر دی، وہ نیب میں پیش ہوئیں مگر عوام کی ہنگامہ آرائی کی بنا پر بیان ریکارڈ نہ کروا سکیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر انہوں نے اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کروا دیا، اب وہ عمرے کیلئے سعودی عرب جانا چاہتی ہیں، عدالت ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔