بیجنگ (کامرس ڈیسک) بوآؤ ایشیائی فورم 2022 کا سالانہ اجلاس چین کے صوبہ ہائی نان میں شروع ہوگیا ہے ۔ رواں برس اجلاس کا موضوع ہے "وبائی صورت حال اور دنیا: مل کر عالمی ترقی کافروغ اورمشترکہ مستقبل کی تشکیل ” ۔
جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اسی دن فورم میں دو فلیگ شپ رپورٹس جاری کی گئیں، رپورٹس کے عنوان "ایشیائی معیشت کے آؤٹ لوک اور انضمام کے عمل کی سالانہ رپورٹ 2022 ” اور ” پائیدار ترقی میں ایشیا اور دنیا کی سالانہ رپورٹ 2022 ——سبز معیشت تک منتقلی کے لیے سرگرم ایشیا ” ہیں۔
ان رپورٹس کے مطابق دو ہزار بائیس میں ایشیائی معیشت کی بحالی کا عمل جاری رہے گا اور رواں سال ایشیائی معیشت کی شرح نمو 4.8 فیصد ہوگی۔ایشیائی معیشت کی بحالی ، وبائی صورتحال،یوکرین بحران ،توانائی اور خوراک سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے عوامل سے متاثر ہو رہی ہے ۔
دو ہزار بائیس میں ایشیائی معیشت بحال رہے گی تاہم بحالی کی رفتار میں کچھ کمی کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کے اندازے کے مطابق 2022 میں ایشائی معیشت کی شرح نمو پانچ اعشاریہ دو فیصد ہوگی ،جب کہ بوآؤ ایشیائی فورم کی رپورٹ کے مطابق یہ شرح چار اعشاریہ آٹھ فیصد ہو سکتی ہے۔
تاہم رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ ایشیا کی بیشتر معیشتیں مجموعی طور پر مستحکم ہیں۔چین،آسیان اور بھارت کی معاشی بحالی کی رفتار نمایاں طور پر دنیا کے اوسط معیار سے تیز ہوگی۔