مراد علی شاہ

غریبوں کا احساس صرف سندھ حکومت کو ہے، مراد علی شاہ

کراچی (لاہورنامہ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ غریبوں کا احساس صرف سندھ حکومت کو ہے، گزشتہ حکومت آئینی طریقے سے نکلی، غریبوں کا احساس صرف سندھ حکومت کو ہے.

سندھ حکومت نے گزشتہ سال تنخواہ 25 ہزار مقرر کی، باقی صوبوں میں مزدور کی ماہانہ اجرت کم ہے، کم سے کم تنخواہ 25 ہزارمقرر کی تو انڈسٹری مالکان عدالت گئے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے پرانڈسٹری مالکان کوتحفظات تھے، وزیراعظم شہبازشریف نے مجھ سے کہا ترجیح طور پرکیا ہونا چاہیے، میں نے وزیراعظم کو کہا مزدور کی 25 ہزار روپے تنخواہ بڑھانی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کا مشکور ہوں انہوں نے میری تجویزپر اعلان کیا، مہنگائی کے دوران مزدوروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ملک میں تبدیلیاں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے جانا پڑا، ہماری کوشش تھی بچت بازاروں میں آٹا اور چینی سستی ملے، حکومت نے 4کروڑ 20لاکھ روپے کی سبسڈی کی منظوری دے دی، انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پہلے ہی یوٹیلٹی اسٹورز کو سستی اشیا فراہم کرنے کا کہہ دیا ہے، گزشتہ حکومت کو غریبوں کا کوئی احساس نہیں تھا، مہنگائی سے نمٹنے کے لیے سستے بازار شروع کیے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اتحادی حکومت کے تمام ممبران کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو ریلیف ملے، کراچی میں لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ بڑھ گئی تھی، کے الیکٹرک کے حکام سے بات چیت ہوئی انہوں نے اپنے مسائل بتائے، ہمیں ڈیڑھ سال میں 5 سال کا کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ایم ڈی نے بتایا کہ نیشنل گرڈ سے بجلی مل رہی ہے، ہم نے کے الیکٹرک سے کہا کہ اپنے پاور پلانٹس پوری طرح سے چلائیں، کے الیکٹرک کو جہاں جہاں گیس کے کن پریشر کا مسئلہ ہے وہاں ان کی مدد کی جارہی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے وقت پرفیول نہیں خریدا، جب فیول نہیں ہوگا تو بجلی کیسے بنے گی، وفاقی حکومت کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت بھر پور تعاون کرے گی۔