احسن اقبال

عمران خان کی نالائقی کو پاکستان اسپیڈ سے بدلیں گے،احسن اقبال

اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ جتنے مواقع عمران خان کو ملے کسی ڈکٹیٹر کو بھی نہیں ملے، عمران نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا.

چین، امریکا اور یورپی یونین سے تعلقات متاثر کئے، خلیجی ممالک سے بھی تعلقات سرد مہری میں دھکیل دیئے،عمران خان کی نالائقی کو پاکستان اسپیڈ سے بدلیں گے۔انہوں نے کہاکہ اپنی چار سال کی تباہی کا ہم سے چار دنوں میں حساب مانگتے ہیں، عمران خان کی نالائقی کو پاکستان اسپیڈ سے بدلیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میٹرو منصوبہ چار سال سے تباہ ہورہا تھا، حکومت بدلی تو چار سال سے نہ چلنے والا منصوبہ پانچ دنوں میں آپریشنل ہوگیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران نیازی چاہتا ہے اس کی کرپشن پر سوال نہ پوچھا جائے، وہ ہٹلر کی سیاست پاکستان میں نافذ کرنا چاہتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فارن فنڈنگ کیس میں کیوں منہ چھپا رہے ہو، فنڈنگ کیس میں ہاتھ اور دامن صاف ہے تو رسیدیں دکھائیں۔

احسن اقبال نے کہاکہ توشہ خانہ کیس میں عمران نیازی بھاگتا اور منہ چھپاتا پھر رہا ہے، کوئی اتنا چھوٹا وزیراعظم نہیں آیا جس نے بازاروں میں تحفے بیچے ہوں، عمران نیازی پاکستان کی آزادی کے ہیرو نہیں ولن ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے ادارے بلیک میلنگ میں نہیں بلکہ آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کی انگلی سے آپ کی تینوں وکٹیں گر گئیں، آپ کو سڑکیں ناپنا اور چندے اکٹھے کرنے آتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی جماعت کی وجہ سے 25روز سے پنجاب میں بدترین انتظامی بحران ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ایگو ماؤنٹ ایورسٹ سے بڑی ہوگی مگر ملکی آئین کی ایگو اس سے بھی زیادہ اونچی ہے،کسی کو ملک کے آئین سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔