مسرت جمشید چیمہ

نواز،زرداری سب کی سیاست صرف عمران خان کے گردگھوم رہی ہے،مسرت جمشید چیمہ

لاہور( لاہورنامہ)تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ لیگیوں کی مفرورشخص سے مشاورت کیلئے با جماعت لندن یاترا نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی یاد تازہ کر دی .

نوازشریف اورآصف زرداری سمیت سب مائنس ہیں اورسیاست صرف عمران خان کے گردگھوم رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر دودھ اورشہد کی نہریں بہا دینے کے دعویدار شوباز شریف اب پتلی گلی سے نکلنا چاہتے ہیں، عوام ان سے ایک ماہ میں مہنگائی کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کا حساب مانگتے ہیں۔

اب بر ملا اعتراف کیا جارہا ہے عمران خان نے واقعی مشکلات کے باوجود ملک کودرست سمت میں چلایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) سے غلط سیاسی فیصلے کرا کے ماضی کے سارے بدلے لے لئے ہیں،عمران خان کی حکومت کو سازش کے ذریعے ہٹانے پر (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے سنجیدہ رہنما بھی نالاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پاکستان کے بغض پر مبنی یکطرفہ فیصلے پاکستانی عوام کے شعور کے آگے بند نہیں باندھ سکتے ،قوم نے فیصلہ کرلیا ہے اب (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کا سکہ نہیں چلنے دیا جائے گا۔