بیجنگ (لاہورنامہ) چینی صدر شی جن پھنگ نے فلپائن کے نو منتخب صدر فرڈینینڈ رومولڈز مارکوس کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین اور فلپائن قریبی پڑوسی اور شراکت دار ہیں۔
حالیہ برسوں میں دونوں فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے چین اور فلپائن کے تعلقات مسلسل مستحکم اور بہتر ہوئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچا ہے اور علاقائی امن و استحکام میں مدد ملی ہے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت چین اور فلپائن ترقی کے کلیدی مرحلے پر ہیں اور دو طرفہ تعلقات میں اہم مواقع اور وسیع امکانات موجود ہیں ۔
ان کاکہنا تھا کہ وہ چین-فلپائن تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور مارکوس کے ساتھ اچھے ورکنگ تعلقات قائم کرنے ، دوستانہ ہمسائیگی اور مشترکہ ترقی پر قائم رہنے اور دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہش مند ہیں تاکہ دونوں ممالک اوران کے عوام کو فائدہ پہنچے۔