فواد چودھری

ملک کا وزیر اعظم اور صوبے کا وزیر اعلیٰ،فرد جرم کیلئے حاضری پر ہیں، فواد چودھری

اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء وسابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیاست میں جب اخلاقیات ہی نہیں ہوگی اور تجربوں کے طور پر حکمران بنائے جائینگے تو مملکت شرمناک واقعات کاسامنا کرے گی۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ دنیا کے پانچویں بڑے ملک کا وزیر اعظم اور اس کے سب سے بڑے صوبے کا وزیر اعلیٰ سیشن عدالت میں فرد جرم کیلئے حاضری پر ہیں،دونوں پر الزام ہے کہ 16 ارب روپیہ پاکستان سے لندن لانڈر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کام کیلئے جعلی اکاؤنٹس استعمال ہوئے، دو سال سے ضمانت کا ہی نہیں فیصلہ ہو پا رہا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں جب اخلاقیات ہی نہیں ہوگی اور تجربوں کے طور پر حکمران بنائے جائینگے تو مملکت ایسے ہی شرمناک واقعات کاسامنا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جج صاحب عام مقدمات کی طرح اس کو لیں تو ضمانت خارج ہوتی ہے اور دونوں جیل جاتے ہیںلیکن ٹیکنیکل جسٹس نے دونوں کو جیل کی بجائے ایوان اقتدار میں بٹھا دیا۔