لاہور(لاہورنامہ) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ تمام رہنما اورکارکنان اپنی جگہ ضرور بدلیں اور ہم بدھ کی صبح اکٹھے ہو کر آئیں گے اور حکمرانوں کو ان کی ڈرامے بازی کا جواب دیں گے۔
نا معلوم مقام سے اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر صورت گرفتار ہونے سے بچنا ہے ، رہنما اور کارکنان متحد رہیں اور ہم نے ہمت نہیں ہارنی، ساری قیادت بھی پکڑی جائے تو آپ نے پلان بی پر عمل کرنا ہے ، ہم آج پورا شہر بند کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بتائیں گے کہ غنڈہ گردی انجام کیا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران بیرونی طاقتوں کے ایجنٹ ہیں ، یہ ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں ،یہ پاکستان کی سری لنکا سے بری حالت کرنا چاہتے ہی۔ انہوں نے کہ مارچ کرنا ہمارا آئینی جمہوری اور سیاسی حق ہے ، ہمارے دور میں ان سب سے مار چ کیا ہے ،ہم کیا انوکھا کام کرنے جارہے تھے۔
رانا ثنا اللہ صاحب بائیس کروڑ عوام آپ کامحاسبہ کریں گے سب انجام کے لئے تیار ہو جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اورکارکنان امپورٹڈ حکومت کی بدترین فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،پی ٹی آئی حکمرانوں کے لئے تر نوالہ ثابت ہو گی یہ ان کی بڑی بھول ہے ،حقیقی آزادی مارچ ہر صورت آگے بڑھے گا ،حکومت کی سیاسی تدفین کیلئے اسلام آبادپہنچیں گے، انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں انہیںغیر آئینی اقدامات کا جواب دینا پڑے گا۔