لاہور(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عدالتوں کو بھی ادب کیساتھ کہنا چاہتی ہوں ایسی روایت نہ ڈالیں،ایسانہ کریں جو شخص سب سے بڑھ کر اداروں کو گالیاں نکالے اسی کے حق میں فیصلے ہوں.
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان لانگ مارچ حکومت کیخلاف نہیں، اسٹیبلشمنٹ کیخلاف کر رہا ہے۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے نیوز کانفرنس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرنے کہا کہ پولیس کانسٹیبل کو دوران ڈیوٹی شہید کیا گیا، آج جوکانسٹیبل شہیدہواہے اس کاذمہ دارعمران خان ہے، پی ٹی آئی ممبر نے پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے شہید کیا.
انہوں نے کہا کہ حکومت سے نکالے جانے پر عمران خان کو صدمہ پہنچا۔ کہا گیا میرے قتل کی سازش ہو رہی ہے، آپ نے اپنے بچوں کو لندن میں بٹھایا ہے اور قوم کے بچوں کو مروانا چاہتے ہیں، آپ قوم کے بچوں کو سڑکوں پر لا کر مار پڑوانا چاہتے ہیں، شہید ہونے والا کانسٹیبل قوم کا بیٹا تھا، تم اپنے بچوں کو کہو کہ اس مظاہرے کو لیڈ کریں، اپنے بچوں کوکہیں برطانوی پاسپورٹ چھوڑ کر پاکستان آئیں۔ اس ملک کو سری لنکا بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔
مریم نواز نے کہا کہ میں اپنی ہر تحریک میں فرنٹ لائن پر ہوتی تھی، پہلے آپ نے کہا نیوٹرل جانور ہوتے ہیں، کل آپ نے ادارے کو کہا کہ نیوٹرل رہیں، عمران خان لانگ مارچ حکومت کیخلاف نہیں،اسٹیبلشمنٹ کیخلاف کر رہا ہے، جب مریم اور نواز شریف کو سزاہوئی تو آپ نے کہا عدالتیں آزاد ہیں، جب آئین کی بالادستی کیلئے عدالت رات کو کھلی تو آپ نے عدلیہ کو برا بھلا کہا.
چیف الیکشن کمشنر کو آپ نے خود لگایا، اب آپ چیف الیکشن کمشنر کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو بھی ادب کیساتھ کہنا چاہتی ہوں ایسی روایت نہ ڈالیں،ایسانہ کریں جو شخص سب سے بڑھ کر اداروں کو گالیاں نکالے اسی کے حق میں فیصلے ہوں، کہتے ہیں حمزہ شہباز وزیراعلی نہیں، کیا عثمان بزدار وزیراعلی ہے؟
پنجاب کیا مفت کا آیا ہوا ہے، پہلے پنجاب کو بزدار کے ذریعے خراب کیا پھر کسی اور کے ذریعے لوٹا، مال بھر بھر کر بیگز میں بنی گالہ میں بیٹھی محترمہ کو جاتا رہا، پنجاب میں جلسوں کیلئے جا رہی تھی یوں لگا کھنڈر میں جا رہی ہوں، پنجاب کے عوام نے اپنا مینڈیٹ ان سے چھین کر نواز شریف کے حوالے کیا، پنجاب کے وزیراعلی حمزہ شہباز ہیں اس کو جتنا بھی روک لیں وہی وزیراعلی رہے گا.
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ہیں اور وہی رہیں گے، اب فیصلے تمہاری نہیں حکومت کی مرضی سے ہوں گے، آپ نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا، وزیراعظم ہائوس کے دروازے پر پہنچے، آپ نے گندے کپڑے دھو کر سپریم کورٹ کے باہر ڈالے، عمران خان ملک میں فساد برپا کرنا چاہتا ہے یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔لیگی نائب صدر نے کہا کہ آپ کے 2014دھرنے کی وجہ سے چینی صدر پاکستان نہیں آ سکے تھے، عمران خان لانگ مارچ کااعلان کر کے پھنس گئے، عمران خان دھمکی ہمیں نہیں اسٹیبلشمنٹ کو دیتے ہیں، چار سال میں اس نے ملک کو تباہ کر دیا، ہم تو 2018 میں لوڈشیڈنگ ختم کر گئے تھے، آج اس کی وجہ سے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے.
عمران خان نے ساری توجہ انتقام پر رکھی، عمران خان اکیلے 22کروڑ عوام کی تباہی کے ذمہ دار ہیں اسی کا نام لینا پڑیگا، 17سال یا 70 سال عمر ہو جائے انسان کی خصلت نہیں بدلتی۔