شاہ محمود قریشی

پاکستان کی سلامتی اور بقا،ہر پاکستانی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور بقا،ہر پاکستانی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے.

عمران خان اس ملک سے جس طرح والہانہ محبت کرتے ہیں اسے پوری قوم جانتی ہے، ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے ،ہمارے اداروں اور عوام کو ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے، ملک کی سلامتی اور یکجہتی کیلئے درست فیصلے کرنا ہوں گے، پاک فوج ہماری قومی، جغرافیائی اور نظریاتی حدود کے تحفظ اور دفاع کی ضامن ہے، عمران خان اداروں کو مضبوط اور مستحکم دیکھنے کے حامی ہیں۔

سابق وزیر نے کہاکہ اس ملک کی سلامتی اور بقا،ہر پاکستانی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے، تاریخ بتاتی ہے کہ جب ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئیں تو ملک دو لخت ہو گیا۔ سابق وزیر نے کہاکہ ماضی میں ہماری غلطیوں کے باعث بلوچستان میں شورش نے جنم لیا، ماضی میں امن مخالف قوتوں نے "پختونستان” کا شوشہ چھوڑا اور ملک میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی۔ سابق وزیر نے کہاکہ ہمارے اداروں اور عوام کو ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے، ملک کی سلامتی اور یکجہتی کیلئے درست فیصلے کرنا ہوں گے۔

شا ہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں اپنی دفاعی قوت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، مت بھولیے کہ ایسی قوتیں ہیں جو پاکستان کو اندرونی طور پر کھوکھلا کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت، مخدوش معاشی صورتحال سے نمٹنا ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، موجودہ معاشی صورتحال کے باعث ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔ سابق وزیر خارجہ نے کہاکہ اگر خدانخواستہ ملک دیوالیہ ڈیکلئیر ہوتا ہے تو جو پابندیاں ہم پر عائد ہوں گی وہ موجودہ پابندیوں سے کہیں زیادہ سنگین ہو سکتی ہیں،ہمارے دفاعی اثاثے، جو ہماری بقا کیلئے ناگزیر ہیں وہ بھی ان پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان ہمیشہ مضبوط قومی فوج کے داعی رہے ہیں، انہوں نے کئی فورمز پر واضح کیا ہے کہ جب کسی ملک کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کے اداروں کو کمزور کیا جاتا ہے جس طرح انہوں نے عراق کی مثال دی۔ انہوںنے کہاکہ پاک فوج ہماری قومی، جغرافیائی اور نظریاتی حدود کے تحفظ اور دفاع کی ضامن ہے، عمران خان اداروں کو مضبوط اور مستحکم دیکھنے کے حامی ہیں.