یوم حرمت رسول ۖ

پاکستان علما ء کونسل کا10 جون کو یوم حرمت رسول ۖ منانے کا اعلان

لاہور(لاہورنامہ)مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور پاکستان علما ء کونسل کے قائدین نے 10 جون کو ملک بھر میں یوم حرمت رسول ۖ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاشقان رسول ۖہندوستان کی حکمران جماعت کے رہنمائوں کی طرف سے رسول اکرم ۖ کی شان میں گستاخی کے خلاف پر امن اور منظم احتجاج کریں گے.

پاکستان بھر کے علما ء و مشائخ ، خطبائ، حرمت رسول ۖ پر خطبات جمعہ دیں گے اور ہندوستانی گستاخوں کے خلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی۔رہنمائوں نے کہا کہ مسلمانان عالم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مشرق وسطی کے ممالک کی طرح پوری دنیا میں ہندوستانی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں ۔ اسلامی تعاون تنظیم ، اقوام متحدہ ہندوستان کی حکومت کی طرف سے مسلسل اقلیتوں پر ہونے والے مظالم اور شان ناموس رسالت ۖ میں توہین پر ہندوستان کے خلاف سخت اقدامات کریں۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا ضیا اللہ شاہ بخاری ، مولانا محمد رمضان سیالوی،مولانا محمد خان لغاری ،حافظ کاظم رضا، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولاناراغب حسین نعیمی ،مولانا عبدالوہاب روپڑی اور دیگر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، علما و مشائخ نے کہا کہ حکومت پاکستان توہین ناموس رسالت کا مقدمہ اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ میں لے کر جائے گی ۔ ہرمسلمان کو کائنات میں سب سے زیادہ عزیز رسول اکرم ۖ کی ناموس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان حکمران پارٹی کی ترجمان نے رسول اکرم ۖ کی شان میں گستاخی کے ساتھ اصحاب رسول و اہل بیت اور ازواج مطہرات کی بھی گستاخی کی ہے۔ ہندوستان کی موجودہ حکومت ہٹلر کے دور سے بھی بد تر مظالم کر رہی ہے اور اب شان رسالت میں گستاخی ناقابل قبول ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شان ناموس رسالت ۖپر پوری امت متحد ہے ، سعودی عرب ، قطر ، کویت ، اردن ، عمان ،ایران اور ترکی سمیت پورے عالم اسلام سے جو رد عمل آیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل آئندہ ہفتے اسلام آباد میں حرمت رسول ۖ سیمینار منعقد کرے گی جس سے پاکستان اور عالم اسلام کے اہم قائدین خطاب کریں گے اور تسلسل کے ساتھ ناموس رسالت پر ہونے والے گستاخانہ حملوں کے حوالے سے ایک متفقہ اور منظم لائحہ عمل کیلئے مشاورت کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں پاکستان علما کونسل کی قیادت رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی ، مفتی اعظم سعودی عرب، شیخ الازہر ، مفتی اعظم عمان ، مفتی اعظم مصر ، مفتی اعظم متحدہ عرب امارات ، امریکہ ، برطانیہ ،یورپ اور ترکی میں مختلف مذاہب اور مسلم قائدین سے رابطہ کر رہی ہے اور امت مسلمہ کے متفقہ موقف کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ قائدین نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی جلوسوں مظاہروں میں پر امن رہیں اور کسی بھی قسم کے فتنہ و فساد اور تخریب کرنے والے عناصر کو فسا دکا موقع نہ دیں۔