خادم حسین

حکومت صنعتی شعبہ کیلئے بجلی تیل،گیس کی قیمتوں میں کمی کاریلیف پیکیج دے،خادم حسین

لاہور(لاہورنامہ)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ وسابق ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے حکومت کی طرف سے تیل،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ کے بعد ایک بار پھر وزیر خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف کی ایما پر مزید اضافوں کے عندیہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اگر ریلیف نہیں دیتی تو تکلیف بھی نہ دے۔

مہنگی بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے مہنگائی مزید بڑھے گی اور غریب اور سفید پوش عوام کی قوت خرید متاثر ہوگی۔ خادم حسین نے روپے کی قدر میں کمی اورڈالر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمت پربھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے.

اسٹیٹ بینک ڈالر کو کنٹرول کرے، ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 205 روپے سے زائدکی سطح پر پہنچ چکا ہے ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے غیرملکی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے کیونکہ انڈسٹریز میں استعمال ہونے والا درآمدی خام مال مہنگا ہوجائے گا جس سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت بڑھے گی. اشیاء مہنگی ہونگی اور ملک میں جاری مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا۔

ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ سے کاروباری لاگت بڑھ رہی ہے اس لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان روپے کی قیمت میں استحکام اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صنعتی شعبہ کیلئے بجلی تیل،گیس کی قیمتوں میں کمی کاریلیف پیکیج دے تاکہ صنعتی شعبہ حکومتی برآمدی اہداف کو پورا کرسکے.