سراج الحق

غریب دشمن پالیسیوں کیخلاف 25 جون کو ٹرین مارچ ہوگا، سراج الحق

سوات (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 25جون کو 3روزہ عظیم الشان ٹرین مارچ کا انعقادکریگی،حکمرانوں نے وطیرہ بنا لیا قرضے لو جیبیں بھرو اورادائیگی کیلئے عوام کاخون نچوڑو۔

سوات میں عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا ذمے دار فرسودہ نظام اور اس کے رکھوالوں کو قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مسترد کریں اور اہل اور ایمان دار قیادت کو آگے لائیں تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 25 جون کو تین روزہ عظیم الشان ٹرین مارچ کا انعقادکرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے یہ وطیرہ بنا لیا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لو، اپنی جیبیں بھرو اور سود سمیت قرضوں کی ادائیگی کے لیے عوام کا خون نچوڑو ، گزشتہ 75 برس سے یہی کھیل جاری ہے۔امیر جماعت اسلامی نے ملک کو درپیش معاشی اور دیگر چیلنجز پر گفت و شنید اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینے کیلئے جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین کا اجلاس بھی اسلام آباد میں 23جون کو طلب کیا ہے۔