شارٹ فال

شدید گرمی اور حبس میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7800میگا واٹ

اسلام آباد(لاہورنامہ)ملک بھر میں بجلی کا بحران برقرار ہے، بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7800میگا واٹ ہو گیا ہے، بجلی کی طلب 29000میگا واٹ جبکہ پیداوار 21200میگا واٹ ہے.

این ٹی ڈی سی کے ذرائع کے مطابق شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی ریکارڈ طلب سے سسٹم اوورلوڈ ہو گیا ہے،لاہور کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے لیسکو کو تقریبا 800میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے جبکہ لیسکو کی جانب سے ساڑھے 3گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول دیا گیا ہے.

دوسری جانب لیسکو ریجن میں سسٹم اوور لوڈ ہونے کے نتیجے میں بجلی کی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی ٹرپنگ سے شہری پریشان ہیں، آئی پی پیز سے مجموعی طور پر 10241میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، ونڈ پاور سے 1629اور سولر پلانٹس سے 123میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے۔اس طرح بگاس سے 120اور جوہری پلانٹس سے 2275میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے.

لوڈ میں کمی بیشی کے سبب ٹرانسفارمر، میٹر جلنے کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں جبکہ قصبوں اور دیہاتوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے۔