شیخوپورہ(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر وسابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ جب بھی وزیر بنے ان کی گردن میں سریا آ جاتا ہے اور جب وزارت سے ہٹتے ہیں تو جو آپ کے ساتھ ہوتا ہے.
پوری قوم دیکھتی ہے اگر آپ کو وزیر بنا ہی دیا گیا ہے تو انسان کا بچہ بن کر وزارت کریں اگر آپ کو اپنی مقبولیت دیکھنے کا اتنا ہی شوق ہے تو آپ فیصل آباد کے گھنٹہ گھر کے چوک میں بغیر سکیورٹی کے کھڑے ہو جائیں تو آپ کو اپنی مقبولیت دیکھ کر فیصل آباد کے آدھے شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بند کرنے پڑ جائیں گے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ پی پی 140 کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی خرم شہزاد ورک کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں ڈیرہ خورشید میں ہونے والے ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تحریک انصاف جاپان کے سینئر رہنما رانا آفتاب احمد، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنمائوں چوہدری شہزاد علی ورک ، چوہدری طیاب راشد سندھو ، پی ٹی آئی شعبہ خواتین کی مرکزی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ، ذوالقرنین ڈوگر شکیل گجر بھی موجود تھے.
انہوں نے کہا ہے احسن اقبال کی جب ایک نجی ہوٹل میں بے عزتی ہوئی وہ فیملی تو جانتی بھی نہیں تھی آج آپ کو پورا پاکستان چور اور غدار کیوں کہہ رہا ہے کہ آپ لوگوں نے پاکستان کی عزت کو رول دیا ہے آپ نے پاکستان کو سر عام نیلام کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو کہا گیا ہے کہ وہ روس سے سستا تیل خرید سکتا ہے کیا ہم نہیں خرید سکتے تھے.
یہ الیکشن خرم شہزاد ورک کا نہیں ہے یہ الیکشن پاکستان کی سالمیت کا الیکشن ہے پہلے بائے الیکشن تب ہوتا تھا جب ممبر مر جاتا تھا یہ پہلا الیکشن ہے کہ ممبر زندہ ہے لیکن اس کا ضمیر مر گیا ہے انہوں نے آخر میں کہا ہے 17 جولائی کو آپ نے خرم کو ووٹ دیکر کامیاب کروانا ہے اور خرم شہزاد ورک نے 22 جولائی کو حمزہ شہباز کے خلاف ووٹ کاسٹ کر کے اسے گھر واپس بھیجنا ہے.
ایم پی اے خرم اعجاز چٹھہ،ایم پی اے عمر آفتاب ڈھلو تحریک انصاف کے سینئر رہنماں مشتاق احمد ذیلدار،میاں افضال حیدر،چوہدری ظفر اقبال انصاری نے ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران اپنے قائد عمران خان کا پیغام پہنچایا۔