عطاء اللہ تارڑ

علی امین اور مقبول گجر پر داخلے پر پابندی قانونی طور پر لگائی، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (لاہورنامہ)صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے مقبول گجر کی طرف سے پنجاب میں پابندی کے باوجود داخلے کی کوشش پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر پر پنجاب میں داخلے پر پابندی قانونی طور پر لگائی گئی۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ مقبول گجر کو پنجاب داخلے پر پابندی کا علم ہونے کے باوجود پنجاب میں داخلے کی کوشش ان لوگوں کے مذموم مقاصد ظاہر کرتی ہی ۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ مقبول گجر کے پنجاب میں داخلے کے پلان سے ان کے خطرناک ارادے ظاہر ہوگئے ۔

انہوں نے کہاکہ پابندی اس لئے لگائی گئی کہ خدشہ موجود تھا کہ اسلحہ سے لیس جتھے پختونخواہ اور آزاد کشمیر سے پنجاب آئیں گے ۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ ان کا ارادہ تھا کہ ضمنی الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال خراب کریں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ضمنی الیکشن کے دوران کسی کو بدامنی پھیلانے کی ہر گز اجازت نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اسلحہ سے لیس جتھوں کو کسی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ اسلحہ سے لیس سب لوگوں کے خلاف پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر کارروائی میں لائی جائے گی ۔عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ جہاں بھی اسلحہ کی نمائش کی گئی یا اسلحہ برآمد ہوا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ اسلحہ بردار لوگوں کو فورا گرفتار کیا جائے گا ۔ عطااللہ تارڑ نے کہاکہ الیکشن کے دوران امن و امان قائم کرنا پنجاب حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ پنجاب پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان خراب کرنے والوں کو سختی سے روکیں گے۔