لاہور(لاہورنامہ ) چیئرمین ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے مالی سال2021-22میں 48ارب ڈالرز سے زائد کے تجارتی خسارہ کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ48ارب ڈالر سے زائد تجارتی خسارہ ملکی معیشت کیلئے خطرہ ہے۔
ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت روپے گراوٹ کا شکار، درآمدات پہلی بار80ارب ڈالر سے تجاوز کرنا لمحہ فکریہ ہے حکومت درآمدات کی فہرست پر ایک بار پھر نظرثانی کرے اور غیر ضروری اور پر تعیش مصنوعات کی درآمدات پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کے باوجود حکومت کو تجارتی خسارے میں مسلسل اضافہ سے بیرونی ادائیگیوں کے توازن کو برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ جاری کھاتوں کے خسارے کے باعث ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور روپے گراوٹ کا شکار ہے اس لیے حکومت پرتعیش مصنوعات کی برآمدات کو کنٹرول کرے۔
چوہدری عدیل بھٹہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کیلئے برآمدات کا ہدف موجودہ حالات میں غیر حقیقی دکھائی دیتا ہے حکومت کوبرآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ درآمدات پر بھی قابو پانے کی ضرورت ہے۔ برآمدات کی بحالی اور توسیع کے سلسلہ فوری اقدامات کی ضرورت ہے اس ضمن میں پاکستانی مصنوعات کے لیے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش اور بیرون ملک سفارتخانوں کو فعال کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک پاکستانی مصنوعا ت کی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارہ میں کمی اور حکومت کی طرف سے پانچ سالوں میں برآمدات کا ہدف57ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے کیلئے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے تاکہ پاکستانی اشیاء کی بیرون ملک کھپت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔