لاہور(لاہورنامہ)حکمران اتحاد سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ مختلف جرائم کرنے والوں کی ایسوسی ایشن اور کلب ہے جہاں ہر طرح کا جرائم کرنے والا چہرہ نظر آئے گا ،وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں ” واردات ” کے باوجود چوری اوپر سے سینہ زوری والا فارمولہ اپنایا گیا، قوم 13جماعتی اتحاد کی دھمکیوں ،منفی مہم کو کسی خاطر میں نہ لانے پر اعلیٰ عدلیہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔
جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ظالموں نے ملک کی معیشت کے ساتھ ایسا کھلواڑ کیا ہے جسے دوبارہ ٹھیک کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے،قوم چوروں اور لٹیروں کے اصل چہرے پہچان چکی ہے ،اب قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں،اگر امپورٹڈ ٹولہ ملک پر مزید مسلط رہا تو اسے ناکام معیشت کی دلدل سے نکالنے میں دہائیاں لگ جائیں گی ۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ لٹیرے عوامی مینڈیٹ میں ” نقب ” لگانے کے باوجود یہ سوچ رکھتے ہیں کوئی ان سے سوال نہ پوچھے، پنجاب 12کروڑ جیتے جاگتے عوام کا صوبہ ہے اب سلطنت شریفیہ کی دھونس نہیں چلے گی ، کیا یہ آئین میں درج ہے اگر شریف خاندان کاکوئی ہونہار سپوت منتخب نہیں ہوگا تو پنجاب حکومت نہیں بن سکتی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر اعلیٰ عدلیہ میں سماعت سے ان کے سیاسی آلودہ چہرے سامنے آئے ہیں ،ان شا اللہ اعلیٰ عدلیہ انصاف پر مبنی فیصلہ دے گی اور اکثریت رکھنے والا وزیر اعلیٰ عہدہ سنبھالے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی وزیر اعلیٰ کا بس نہیں چل رہا وگرنہ وہ جاتی امراء اور ماڈل ٹائون کے ملازمین کو بھی اپنی کابینہ میں شامل کر لے ۔