لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے ہمارے دور کے جتنے بھی عوامی فلاح کے منصوبے ختم کئے تھے انہیں دوبارہ شروع کیا جارہا ہے.
وزیر انتشار کان کھول کر سن لو اب شریفوں اورزرداریوں کے غنڈہ راج کا دور گزرگیا ہے بلکہ اب عوام کے راج کا دور دورہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت نے عمران خان کے بغض میں پنجاب میں جاری عوامی فلا ح و بہبود کے درجنوں منصوبے روک دئیے تھے لیکن ان شا اللہ اتحادی حکومت ان تمام منصوبوں کو دوبارہ شروع کرنے جارہی ہے جس کے لئے پالیسی مرتب کر لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کی قیادت میں ملک کے طول و عرض میں عوام کے راج کا دور دورہ ہوگا ،لٹیروں نے عوام کے راج پر دوبارہ شب خون مارا تو عوام پہلے سے بڑھ کر رد عمل دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی ابھی تک صدمے سے باہر نہیں نکل سکے اور دھمکیاں دے رہے ہیں ، جب یہ صدمے سے باہر آئیں گے تو ان کے حواس بحال ہو جائیں گے او راپنی سیاسی حیثیت کا علم ہونے پر انہیں چین اور سکون مل جائے گا۔