اسلام آباد(لاہورنامہ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور انڈونیشیا کی تربوکا اوپن یونیورسٹی نے تدریسی اشتراک اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے معاہدے پر دستخط کردئیے۔
معاہدے کے مطابق دونوں جامعات طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں ٗ مشترکہ تحقیقی منصوبوں سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے منصوبوں کا اجراء کریں گے اور دوطرفہ اشتراک سے کانفرنسسز اور سیمینارز کا اہتمام بھی کریں گے۔دونوں جامعات فاصلاتی نظام تعلیم کی کوالٹی ایشورینس کے تجربات کا باہمی اشتراک بھی کریں گے۔
معاہدے پر دستخطوں کی یہ تقریب تربوکا انڈونیشامیں منعقد ہوئی۔ معاہدے پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم جبکہ انڈونیشا یونیورسٹی کے ریکٹر ، پروفیسر اوجت دروجت نے دستخط کئے۔تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ دونوں جامعات فیکلٹی ایکسچینج اور لرننگ تجربات سے تعلیمی معیار اور تدریس وتحقیق کو مزید بہتر بنائیں گے۔
انہوں نے ا س امید کا اظہار کیا کہ اسطرح کے تعلیمی معاہدوں سے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور درس و تدریس کے جدید طریقوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے فاصلاتی نظام تعلیم کے میدان میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔پروفیسر اوجت دروجت نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لرننگ سسٹم اور تعلیمی نیٹ ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی اوپن یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی اشتراک کے خواہاں تھے۔انہوں نے دونوں جامعات کے مابین اس تعاون کو موثر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔